
ایام فاطمیہ
مشہد میں ایام فاطمیہ کی عزاداری
ایام فاطمیہ حضرت فاطمہؑ کی شہادت کے ایام کو کہا جاتا ہے جن میں اہل تشیعآپ کی شہادت کی مناسبت سے عزاداری کرتے ہیں۔
حضرت زہراءؑ کی تاریخ شہادت کے بارے میں اختلاف پایا جاتا ہے۔ اسی بنا پرایران میں 13 جمادی الاول اور 3 جمادی الثانی کو آپ کی شہادت مناتے ہیں جبکہ عراق خاص کر نجف اشرف میں مذکورہ دو تاریخوں کے علاوہ 8 ربیع الثانیکو بھی آپ کی شہادت کی مناسبت سے عزاداری کرتے ہیں۔ مذکورہ تاریخوں کے درمیانی ایام کو ایام فاطمیہ کا نام دیا جاتا ہے۔
مشہور قول کی بنا پر آپ کی شہادت تین جمادی الثانی کو واقع ہوئی ہے۔ اس دن ایران میں سرکاری طور پر چھٹی ہوتی ہے نیز قم میں ایام فاطمیہ کی مجالس کو دیگر شہروں کی نسبت زیادہ اہمیت دی جاتی ہے یہاں تک کہ 3 جمادی الثانی کو باقاعدہ ماتمی جلوس عزا نکالے جاتے ہیں جو حرم حضرت معصومہ میں اختتام پذیر ہوتے ہیں۔ ان ماتمی دستوں میں بعض مراجع بنفس نفیس ننگے پاوں شرکت کرکے حضرت ولی عصرؑ کی خدمت میں ان کی مادر گرامی کا پرسہ دیتے ہیں۔